انتہاپسندی سنگین مسئلہ‘ رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی‘سیدال خان

01 اگست ، 2024

اسلام آباد (پ ر)قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹوڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپرنسی پلڈاٹ کے صدر احمد بلال محبوب کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی اور پلڈاٹ کی جانب سے شروع کئے گئے نئے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ نے منصوبے کو اہم قراردیتے ہوئے کہا کہ پرتشدد انتہا پسندی سنگین مسئلہ ہے اور بلوچستان سمیت خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں مسائل سامنے آرہے ہیں یہ منصوبہ کافی حد تک ان مسائل پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگا جس سے نہ صرف شہریوں کو آگاہی ملے گی بلکہ ان کی سوچ میں بھی تبدیلی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے وہ جمہوری رویوں کو پروان چڑھانا اور عوام میں پائے جانے والی انتہا پسندانہ یا شدت پسندانہ اور نامناسب رویوں کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف تمام سیاسی قائدین اور سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے قائل ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف بھی اسی نظریئے پر کار فرما ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اختلافات اور ایسے نظریات ترک کر دیں جس سے ملک کی سماجی و اقتصادی حالت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔