دہشت گردوں کیخلاف مؤثر اور ٹارگٹڈ کارروائی کی جائے، پشتونخوانیپ

01 اگست ، 2024

کوئٹہ (پ ر) پشتونخوا نیپ کے پریس ریلیز میں پشین کلی ملیزی لیویز چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو لیویز اہلکاروں یاسر الیاس ترین اور قدیر خان ترین کی شہادت اور دوسرے دن پشین بازار میں ایک پولیس سپاہی پر فائرنگ کے المناک واقعات کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ریاست کی جاری پالیسی کی وجہ سے پشتونخوا وطن آگ و خون میں جل رہاہے، آئے روز دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں اور ایک خاص منصوبے کے تحت سول فورسز پولیس اور بالخصوص لیویز کو نشانہ بنایا جارہاہے تاکہ سول اداروں کو ناکام بناکرتما م اختیارات دیگر اداروں کو منتقل کیئے جائیں۔ بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کو خود تربیت دے کر دہشت گردی کی کھلی چھوٹ دی ہے اور آج عوام سمیت ہمارے سول اور خاص کر لیویز پر مسلسل دہشت گردانہ حملے کئے جارہے ہیں اور پشین میں یکے بعد دیگرے واقعات اس کا ثبوت ہیں ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف مؤثر اور ٹارگٹڈ کارروائی کی جائے اور عوام کے سرومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ درایں اثناء پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے انجينئر اینڈ آرکیٹیکٹ یونٹ کے ایگزیکٹیو اور جنرل باڈی کے الگ الگ اجلاس یونٹ کے سیکرٹری انجینئر شیخ اسلم خان مندوخیل کی زیر صدارت ہوئے۔ جس میں انجینئرز اینڈ آرکیٹیکٹ یونٹ کی تنظیمی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اُس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے فیصلے کیئے گئے۔اجلاس میں پشتونخوا نیپ کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، صوبائی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی، ڈپٹی سیکریٹری ندا خان سنگر اور آرکیٹیکٹ اینڈ انجینئر کے ایگزیکٹیوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان انجینئرنگ کونسل سال 2024 کے سالانہ انتخابات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور متفقہ طور پر یونائٹیڈ انجینئرز پینل کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا، پینل کے چیئرمین انجینئر سید اشفاق حسین شاہ اور صوبائی وائس چیئرمین کے اُمیدوار انجینئر شیخ شہاب الدین خان کی الیکشن میں کامیابی کیلئے یونٹ کے ممبران پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئی۔ اجلاس میں یونٹ سے منسلک تمام انجینئرز کو ہدایت جاری کی گئی کہ یونائٹیڈ پینل کے اُمیدواروں کی کامیابی کیلئے شب وروز الیکشن مہم جاری رکھیں تاکہ پارٹی یونٹ کی حمایت یافتہ پینل کی کامیابی ممکن ہوسکے اور 18 اگست کو الیکشن میں اپنا قیمتی ووٹ یونائٹیڈ انجینئرز پینل کے حق میں استعمال کریں۔