اسماعیل ہنیہ کی جدوجہدناقابل فراموش‘ غمزدہ خاندان کیساتھ ہیں‘ اے این پی

01 اگست ، 2024

کوئٹہ(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں فلسطینی رہنما اسماعیل ہنیہ کی ایران میں شہادت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کیلئے اسماعیل ہنیہ کی جدوجہد اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔اے این پی نے ہمیشہ مظلوموں کی حمایت کی ،اسی طرح فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کی ہمیشہ مخالفت کی ۔اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے خطے کے امن اور استحکام پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے جس سے یقیناً خطے میں تناؤ مزید بڑھے گا اے این پی دکھ کی اس گھڑی میں فلسطینی عوام بالخصوص اسماعیل ہنیہ کے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور ان کے درجات بلندی کیلئے دعا گو ہے۔ درایں اثنا صوبائی بیان میں ضلع پشین ملیزئی چیک پوسٹ پر لیویز اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ پشین بازار میں پولیس اہلکار پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی انتہاپسندی کی حالیہ لہر کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ عرصہ دراز سے صوبہ بھر بالخصوص پشتون بیلٹ میں لیویز اور پولیس پر اس طرح کے واقعات رونما ہورہے ہیں جب تک ریاستی سطح پر گڈ اور بیڈ کا امتیاز برتا جائیگا اس طرح کے واقعات کی روک تھام ناممکن ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام اور عوام کی جان ومال کی حفاظت حکمرانوں کی ذمہ داری ہے، ناکامی پر وہ حق حکمرانی نہیں رکھتے۔