قاسم سوری پر آرٹیکل 6لگانا حکومتی ناکامی ہے‘ پی ٹی آئی

01 اگست ، 2024

کوئٹہ(پ ر)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر داؤد شاہ کاکڑ اور جنرل سیکرٹری جہانگیر رند نے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری پر آرٹیکل 6 لگانے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت قاسم خان سوری پر آرٹیکل 6 لگانا حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے،تحریک انصاف کو لیول پلینگ فیلڈ سے محروم کرنے اور عام انتخابات میں امیدواروں کو پارٹی سے وابستگی کے حق سے محروم کرنے پر چیف الیکشن کمشنر اور دیگر ارکان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے،بیان میں انہوں نے کہاکہ آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے حقیقی کردار وہ تمام آئین شکن ہیں جنہوں نے گزشتہ 2 سال کے دوران اپنے ناجائز اقتدار کی طوالت کے لئے ہر قدم پر شہریوں کے دستوری حقوق کی دھجیاں اڑاتے ہوئے آئین کو پامال کیا ،انتخابات کے انعقاد میں 90 روز کی دستوری مدت سے تجاوز سے لے کر 8 فروری کو مینڈیٹ پر ڈالے جانے والے ڈاکے میں مجرمانہ سہولت کاری کرنے والے تمام افراد کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف ماورائے آئین و قانون اقدامات کے خلاف عدالتی چارہ جوئی سمیت ہر سطح پر بھرپور مزاحمت کرے گی۔