مہرنگ بلوچ محفوظ اور انتظامیہ کیساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں،ڈی سی گوادر

01 اگست ، 2024

گوادر(خ ن)ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے سوشل میڈیا پر مہرنگ بلوچ کے حوالے سے پھیلنے والی ویڈیو پر فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ بالکل محفوظ ہیں اور انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مہرنگ بلوچ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا اور یہ افواہیں بے بنیاد اور غلط ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے سوشل میڈیا، واٹس ایپ گروپس، اور دیگر پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی خبروں کو غیر مصدقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض پروپیگنڈا ہیں اور شہر میں انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں اور مہرنگ بلوچ سمیت کسی بھی خاتون کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے اور نہ ہی پہنچ سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گوادر میں بلوچ راجی مچی کی جتنی بھی خواتین ہیں، ان کو ہم اپنی بہن اور ماں جیسی عزت دیتے ہیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ خواتین کے تحفظ اور عزت کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی خاتون کے ساتھ زیادتی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔