ا سماعیل ہنیہ کی شہادت، اسرائیل جنگ کو وسعت دینے کی حرکت ہے، مولانا حیدری

01 اگست ، 2024

کوئٹہ (آن لائن) جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حماس کے سربراہ ا سماعیل ہنیہ کو ایران میں شہید کرنا دراصل اسرائیل کی جنگ کو وسعت دینے کے لیے کی گئی حرکت ہے،وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی کوشش ہوتی ہے جو شخصیات ان کی مخالف ہیں،ا نہیں چن چن کر قتل کیا جاتا ہے۔ اسماعیل ہنیہ کی شہادت بہت بڑا سانحہ ہے۔ ان کا مقصد شہادت اور فلسطین کو آزادی دلانا تھا، اس سے پہلے بھی ان کی فیملی کے درجنوں لوگ شہید ہوئے لیکن انہوں نے پروا نہیں کی اور آخری دم تک فلسطین کی آز ادی کی جنگ لڑی،مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ کیا ایران اس حوالے سے کوئی وضاحت جاری کرے گا؟۔ اسرائیل نے جنگ کو وسعت دینے کے لیے یہ حرکت کی ہے۔ مسلم دنیا لفاظی پر گزارہ کررہی ہے، اب تک کسی مسلم ملک نے اسرائیل کے خلاف اقدام نہیں اٹھایا۔ اس وقت غزہ کے مسلمان کٹ رہے ہیں۔ اگر مسلم دنیا کو جنگ کی جرات نہیں تو سیاسی سماجی اقتصادی بائیکاٹ کریں ۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلم دنیا دو دن تیل بند کردے تو اسرائیل دیوالیہ ہو جائے گا۔ او آئی سی عرب لیگ کس مرض کی دوا ہیں۔ کیا بیت المقدس ہمیشہ اسرائیل کے قبضے میں رہے گا اور مسلم دنیا خاموش تماشائی بنی رہے گی۔