جدوجہدآزادی فلسطین میں اسماعیل ہنیہ کا کردار یاد رکھا جائیگا‘ علی حسن

01 اگست ، 2024

کوئٹہ ( پ ر)صوبائی مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے اسرائیل کی جانب سے کئے گئے بزدلانہ میزائل حملے میں فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی ایران کے شہر تہران میں شہادت پر گہرے رنج و غم اور غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کی جدوجہد آزادی کے روح رواں اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت عالم اسلام کے لئے بہت بڑا نقصان ہے ۔ اسماعیل ہنیہ عالم اسلام کے ہیرو تھے اور فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کے لئے ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے اسماعیل ہنیہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پورے گھرانے نے آزادی کی اس جنگ میں شہادت کا جام نوش کیا لیکن غاصب اسرائیل کے سامنے سر نہیں جھکایا۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی امن کے ذمہ دار اداروں کی جانب سے فلسطین کے معاملے پر بے حصی اور مجرمانہ غفلت قابل تشویش ہے ۔ اسماعیل ہانیہ کا بہیمانہ قتل جنگی جرم اور اسرائیلی جارحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے مسلم ممالک سے فلسطینی شہریوں کی زندگیوں کی بقاء اور فلسطین کے تحفظ اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لئے متحد ہونے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے او آئی سی سے بھی مطالبہ کیا کہ اسرائیلی بربریت کے خلاف آواز اٹھائے اور فلسطینی شہریوں کے لئے آواز اٹھائیں ۔درایں اثناء میر علی حسن زہری نے نو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے تہنیتی پیغام میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ نو منتخب ایرانی صدر پاکستان و ایران کے برادرانہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے اور ان کے دور صدارت میںپاک ایران دوستی مزید پروان چڑھے گی۔