اسماعیل ہانیہ کی شہادت اسلامی ممالک کیلئے وارننگ،مذہبی وسیاسی رہنما

01 اگست ، 2024

لاہور( نیوزرپورٹر،خبرنگار،اپنے نامہ نگارسے ،خصوصی رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کو اسرائیل و امریکہ کی مذموم جسارت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت حماس کے لیے ایک بڑا دھچکا ضرور ہے لیکن اس نقصان سے اس تنظیم کی جرآت، جدوجہد اور مزاحمت میں کمی نہیں آئے گی ،تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ امام حسین ؓ کا سچا پیروکار اپنا سارا کنبہ شہید کروانے کے بعد خود بھی خلد نشین ہوگیا۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی مولانا حافظ عبد الوھاب روپڑی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ان کی شہادت میں امریکہ اور اسرائیل ملوث ہیں ۔ علامہ زبیر احمد ظہیر اور عدنان فیصل نے کہاکہ اسرائیل کی جارحیت اور درندگی کا دائرہ وسیع ہونے کی علامت اور تمام اسلامی ممالک کے لئے وارننگ قرار دیا ۔ شجاع الدین شیخ نےکہا اسرائیلی نےبدترین درندگی کی۔جماعت اسلامی خواتین کی رہنمائوں ڈاکٹر حمیرا طارق ، نازیہ توحیداور عظمی عمران نے کہا کہ اس نقصان نے پوری امت مسلمہ کو غمزدہ کردیا ہے ۔ شہزاد سعید چیمہ نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس بلا کر اسرائیل سے پوچھ گچھ کی جائے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی،علامہ شبیر قادری نےبھی مذمت کی۔