بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، نظام زندگی مفلوج، تربت اسپتال میں 2 لاشیں لائی گئیں

01 اگست ، 2024

اندرون بلوچستان (نامہ نگاران) بلوچ یکجہتی کمیٹی کی اپیل پربلوچستان کے مختلف علاقوں میں شٹر ڈائون ہڑتال جاری رہی۔ تربت سےنامہ نگار کے مطابق گزشتہ پانچ دنوں سے ہڑتال جاری ہے جس سے شہر کے تمام کاروباری مراکز اور بینک بند ہیں جبکہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب گزشتہ دو روز شہید فدا چوک پر دھرنا دیا جارہاہے پانچواں روز بھی نظام زندگی درہم برہم ہے حکام نے 28 جولائی سے تربت سمیت گوادر اور پنجگور میں مواصلاتی نظام کو بند کردیا ہے جس کے باعث لوگ ایک دوسرے سے کٹ چکے ہیں ٹیچنگ ہسپتال تربت میں ایک درجن سے زیادہ زخمی اوردو لاشیں لائی گئی ہیں راستوں کی بندش کے باعث شہر میں اشیاء خوردونوش کی قلت پیدا ہوگئی ہے پیٹرول نایاب ہوچکا ہے راستوں کی بندش اور آمد و رفت کے ذرائع محدود ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناہے۔خاران نامہ نگارکے مطابق بلوچ یکجتی کمیٹی کی کال پر چوتھے روز بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی، دکانوں کی بندش سے شہریوں کو سودا سلف کے حوالے کافی مشکلات کا سامنا ہے۔خضدارسےنامہ نگارکے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی کی اپیل پر دوسرے روز بھی خضدار اور ملحقہ علاقوں میں شٹرڈاؤن ہڑتال ہوئی، چھوٹے بڑے تجارتی اور کاروباری مراکز بند رہے نجی بنک اور پیٹرول پمپ کو بند کیا گیا کاروباری مراکز کی بندش سے دوردراز علاقوں سے آئے خریداروں کو پریشانی کا سامناہے۔