پروپیگنڈے سے بازرہیں!امارات میں مقیم پاکستانیوں کو انتباہ

01 اگست ، 2024

کراچی ( نمائندہ جنگ) اماراتی قونصل جنرل بخیت عتیق نے یواے ای میں مقیم اور وہاں جانیوالے پاکستانیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے سے گریز کریں۔بخیت عتیق الرومیتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ18 لاکھ سے زائد پاکستانی متحدہ عرب امارات میں موجودہیں‘ انہوں نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر منفی پوسٹ شیئر کرنے والوں کیخلاف ایکشن لیا جائے گا، منفی پوسٹ شیئر کرنے پر عمر قید یا14سے15سال کی قید ہوسکتی ہے۔پاکستان کیخلاف منفی پوسٹ کولائک کرنے پر بھی ایکشن لیاجائیگا، پاکستانی شہریوں کو مشورہ دوں گا قوانین کی پاسداری کریں ‘انہوںنے بتایا کہ پاکستانیوں کے لئے ویزے نہیں روک رہے۔