وزیر مملکت کا فائروال تنصیب پر واضح جواب دینے سے گریز

01 اگست ، 2024

اسلام آباد (ساجد چوہدری) وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے پاکستان میں فائروال کی تنصیب کے بارے میں واضح جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ سائبر سکیورٹی کو یقینی بنانے کی صلاحیت ہونا ضروری ہے، پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو اور سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا سائبر سکیورٹی کنسرن حکومت کا حقیقی کنسرن ہوتا ہے۔ سوشل میڈیا مواد کنٹرول ہونا مفروضے ہیں، بلاوجہ چیزوں کو متنازعہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا تمام سوشل میڈیا کھلا ہے۔ ٹوئٹر بند ہے، کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ ٹویٹر کی جانب سے پاکستانی قوانین پر عملدرآمد نہ کرنا ایشو ہے۔ فیس بک مقامی قوانین پر عملدرآمد کرتی ہے۔ ٹویٹر کو بھی عمل کرنا ہوگا۔ شزہ فاطمہ نے کہا ٹویٹر سے بات چیت جاری ہے، سوچنے کی بات ہے باقی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کھلے ہیں تو ٹویٹر کیوں بند ہے، شزہ فاطمہ نے کہا زبان بندی کرنا ہوتی تو ٹک ٹاک اور فیس بک بند کرتے، ٹک ٹاک مقامی قوانین پر 95 فیصد عملدرآمد کرتا ہے، انہوں نے کہا وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ختم نہیں کیا جارہا۔