آئین کے تحت ہر مسئلے کو مذاکرات سے حل کرنے کیلئے تیار ہیں‘صوبائی وزیر داخلہ

01 اگست ، 2024

کوئٹہ( این این آئی) وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ گوادرکے نام نہاد خیر خواہوں کی وجہ سے بیرونی اور اندرونی سرمایہ کاری میں خلل پڑرہا ہے۔ گوادر کے عوام کو خود فیصلہ کرنا ہوگا کہ گوادر کی ترقی کے لئے آگے بڑھیں یامنفی سیاست کا شکار ہوکر اپنے آنے والے مستقبل کو دائو پر لگادیں، پنجاب اور پنجابیوں کو الزام دینا کہ بلوچستان کی ترقی میں وہ رکاوٹ بن رہے ہیں یہ تاثر سراسر غلط ہے۔ یہ بات انہوں نے گوادر میں اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی، اجلاس میں آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ زاہدسلیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے اور ڈی سی گوادر، ڈی آئی جیز سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ، اجلاس میں صوبے بھر میں سیکورٹی انتظامات،امن وامان کی بحالی سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے ۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کو روکنے میں یہاں کے چندنابلد لوگوں کا قصور ہے جو روز کسی نہ کسی معاملے پر سٹرکیں بند کرکے بلاجواز احتجاج کررہے ہیں، مظاہرین آئے روز لاپتہ افراد کے معاملے پر احتجاج کی بجائے حکومت کے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالیں۔ حکومت نے پہلے روز سے یہ اعلان کیا ہے کہ حکومت آئین وقانون کے تحت ہر مسئلے کوبات چیت کے ذریعے حل کرنے کو تیار ہے ۔