حکومتی اقدامات کی بدولت ملک معاشی مشکلات سے نکل چکا ،گورنر

01 اگست ، 2024

کوئٹہ (خ ن)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہاہے کہ ملک و قوم کی تعمیر وترقی میں سیاسی تنظیم کو وین گارڈ کی حیثیت حاصل ہے۔ عوام میں اپنے حقوق و فرائض کا اجتماعی احساس جگانے، سماجی انصاف کا بول بالا کرنے، جمہوری رویوں کو فروغ دینے اور عوامی حقوق و اختیارات کی پاسداری کو یقینی بنانے میں سیاسی تنظیمیں اور سیاسی کارکنان کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ اس ضمن میں تمام نومنتخب عوامی نمائندوں کی سیاسی اور سماجی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوںکو تقسیم کرنے کی بجائے متحد کرنے کےلیے شعوری کاوشیں کریں اور اپنے انتخابی حلقوں میں بے آواز اور بےسہارا لوگوں کے حقوق اور مفادات کی بھرپور وکالت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو گورنر ہائوس کوئٹہ میں سابق صوبائی وزیر میر مجیب الرحمن محمد حسنی، سابق ایم این اے میر احسان ریکی اور ڈسٹرکٹ چیئرمین عرفان ریکی سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ موجودہ حکومت کی دانشمندانہ اقدامات کی بدولت ملک معاشی مشکلات سے نکل چکا ہے اور اب ضروری ہےکہ عوام کیلئے معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر آسانیاں پیدا کریں۔