وزارت بین الصوبائی رابطہ، پلیئرز کے بیرون ملک لاپتہ اور ڈوپنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کا نوٹس

01 اگست ، 2024

کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان میں کھیل کے شعبے میں کھلاڑیوں کے بیرون ملک لاپتہ ہونے، ڈوپنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کا نوٹس لے لیا ہے،اطلاعات کے مطابق وزارت نے کبڈی، ویٹ لفٹنگ،ایتھلیکٹس سمیت کئی کھیلوں میں کھلاڑیوں کے طاقت ور ادویات کے بڑھتے رجحان کو فیڈریشنوں اور پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی ناکامی قرار دیا ہے، ویٹ لفٹنگ میں پاکستان کے کئی کھلاڑی جن میں طلحہ طالب بھی شامل ہیں اچھی کار کردگی کے باوجود پابندی کا شکار ہوئے، ریسلنگ میں بھی کچھ کھلاڑیوں کو اسی قسم کی پابندی کا سامناکرنا پڑا،پاکستان کے کئی باکسرز کے بھی چند سالوں میں بیرون ملک لاپتہہونے کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا،پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے حکام بعض میڈیا میں آنے والی اس رپورٹ کے بعد پی ایس بی پر برس پڑے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ اولمپکس کوالیفائی رائونڈ میں حصہ لینے والے باکسر عبد الرشید کے بیرون ملک لاپتہہونے پر باکسنگ فیڈریشن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی،پی بی ایف کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ناصر تنگ نے کہا کہ اولمپک کوالیفائرز کے لیے رشید کا نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) ان کے محکمے نیوی نے دیا تھا،رشید نے مالی مجبوریوں کی وجہ سے بیرون ملک رہنے کا انتخاب کیا، پی بی ایف کے عہدیدار نے باکسرز کی تربیت اور اولمپک کوالیفائرز کے لیے مالی مدد فراہم نہ کرنے پر پاکستان اسپورٹس بورڈ پر بھی تنقید کی،انہوں نے اس حوالے سے بین الصوبائی رابطہ کی وزارت کی جانب سے پابندی کی افواہوں کو بے بنیاد اور مضحکہ خیز قراردیا ہے۔