کپتان کا تقرر ہیڈ کوچ کا اختیار، وقار یونس کا اس سے کوئی تعلق نہیں

01 اگست ، 2024

کراچی(عبدالماجدبھٹی)وقار یونس نے تمام تر اختیارات کے ساتھ پی سی بی میں ہاٹ سیٹ سنبھال لی ہے لیکن پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کا تقرر ہیڈ کوچ کا اختیار ہے وقار یونس کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔کوچ اپنی سفارشات چیئرمین محسن نقوی کو دیں گے اور چیئرمین کپتان کانام فائنل کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کنسلٹنٹ وقار یونس کے پاس پاکستان کی تمام کرکٹ چلانے کا مینڈیٹ ہے لیکن کپتان کی تقرری سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹین اور ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلسپی کپتان کے حوالے سے فیصلہ کریں گے اور اپنی سفارشات چیئرمین کو دیں گے۔ٹیسٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی کے باوجود بابر اعظم کے مستقبل کا فیصلہ مزید تاخیر کا شکار ہے اور سرجری کا دعویٰ ،دعویٰ ہی رہ گیا۔نومبر میں پاکستانی ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھیلنے آسٹریلیا جائے گی۔اس لئے اکتوبر میں وائٹ بال فارمیٹ کے کپتان کا فیصلہ ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کچھ کھلاڑیوں کے بارے میں ٹیم انتظامیہ نے منفی رپورٹس دی ہیں ان کھلاڑیوں کے خلاف انضباطی کارروائی بھی بورڈ کے لئے چیلنج ہے۔بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ان کھلاڑیوں کو موقع دیا جاتا ہے یا نہیں اس بارے میں اگلے ہفتے تک صورتحال واضع ہوجائے گی۔