وقار یونس نے پی سی بی ہیڈکوارٹر میں اہم ترین انتظامی عہدہ سنبھال لیا

01 اگست ، 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ماضی کے عظیم فاسٹ بولر وقار یونس نے گراؤنڈ سے نکل کر پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں اہم ترین انتظامی عہدہ سنبھال لیا ہے۔وہ پہلی بار آفس میں بیٹھ کر اہم انتظامی فیصلے کریں گے اور محسن نقوی کی معاون کی حیثیت سے کرکٹ کی بہتری کے لئے اقدامات کریں گے۔انہیں فوری طور پر کنسلٹنٹ بنایا گیا ہے تاہم جلد ان کے لئے نیا عہدہ تخلیق کرتے ہوئے ان کی ذمے داریوں کا حتمی تعین کیا جائے گا اور ان کے عہدے کی مدت کا تعین کرکے باضابطہ اشتہار دیا جائے گا لیکن وقار یونس پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ بااختیار سابق کرکٹر ہوں گے جو پاکستان میں تمام کرکٹ معاملات کی نگراں ہوں گے انہیں چیئرمین پی سی بی کا ایڈوائزر برائے کرکٹ مقرر کیا جارہا ہے۔ماضی میں رمیز راجا سی ای او رہ چکے ہیں لیکن وقار یونس کو ان سے بھی زیادہ ذمے داریاں دی گئی ہیں۔محسن نقوی ساری توجہ ایڈ منسٹریشن پر دیں گے، خاص طور پر وہ اپنی تمام تر توجہ 2025 میں پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی پر مرکوز رکھیں گے۔ وقار یونس مینز کرکٹ کے معاملات دیکھیں گے اور کرکٹ کے حوالے سے تمام فیصلوں کی ذمے داری وقار یونس کی ہوگی، جب کہ شعبہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک سلیکشن کے امور اور کھلاڑیوں کے این او سی سمیت تمام فیصلے وقار یونس ہی کریں گے۔پی سی بی نے ابھی تک ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔