حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف ریلی

01 اگست ، 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کی جانب سے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر امریکہ اور غاصب صہیونی حکومت اسرائیل کے خلاف مشترکہ ریلی نکالی گئی۔ریلی فوارہ چوک سے شروع ہو کر کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ہم سب اسماعیل ہنیہ ہیں ، ہم سب حماس ہیں اور شہید اسماعیل ہنیہ کی تصاویر بھی تھیں۔ شرکائے ریلی نے حماس رہنما کے قتل پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے۔شرکائے ریلی سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی اراکین بشمول سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، محمد حسین محنتی، سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے رہنما علامہ باقر زیدی، علامہ مختار امامی، علامہ مبشر حسن ، جمعیت علماء پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی، علامہ عقیل انجم، پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے پیر ازہر علی ہمدانی، قاضی زاہد، آئی ایس او کے مرکزی صدر حسن عارف، پاکستان عوامی تحریک کے صاحبزادہ ثاقب نوشاہی، ہیومن رائٹس کونسل کے جمشید حسین، راحیلہ خان،جمعیت اہلحدیث کے مفتی مرتضی رحمانی، پاسٹر ڈینیئل سراج، ڈاکٹر زاہد علی زاہدی اور دیگر نے خطاب کیا۔