قومی احتساب بیورو کے تین افسران سمیت 4ملزمان عدم ثبوت پر بری

01 اگست ، 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی عدالت نے قومی احتساب بیورو کے تین افسران سمیت 4ملزمان کو عدم ثبوت پر بری کردیا۔ اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کے افسر کو تاوان کیلئے اغواء کرنے کے مقدمہ کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی۔استغاثہ نیب افسران سمیت 4 ملزمان کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکا م رہا۔ عدالت نے نیب کے تین افسران سمیت 4 ملزمان کو عدم ثبوت و شواہد پر بری کردیا۔پراسیکوشن کے مطابق ملزمان کےخلاف درخشاں پولیس نے2017میں مقدمہ درج کیاتھا، نیب افسران گل آفریدی، محمد بلال اور سرویج نے اقبال کے ساتھ ملکر واردات کی تھی، ملزمان نے سرکاری افسر سکندر ابڑو کوبلا کر وارنٹ کا بتایا اور رہائی کیلئے ڈھائی کروڑ روپے مانگے تھے، ملزمان سکندر ابڑو کے اہلخانہ کے آنے پر فرار ہوگئے تھے۔وکیل صفائی شوکت حیات ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف اغوا برائے تاوان کا کیس بنتاہی نہیں ہے، پولیس نے ملزمان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا،سکندر ابڑو کے بیان سے بھی ظاہر ہے کہ کوئی واقعہ نہیں ہوا۔