راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) خود کو ٹی ایم اے کا اہلکار ظاہر کر کے شہریوں کو لوٹنے والے نوسرباز کو دکان داروں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ تھانہ دھمیال پولیس کو آدم خان نے بتایا کہ چکری روڈ دکان پرایک لڑکا حسنین مسعود آیا اور ریٹ لسٹ طلب کی۔ جب کہا کہ ریٹ لسٹ نہیں ہے تو اس نے کہا میں ٹی ایم اے کا سرکاری ملازم ہوں‘ اس نے 5ہزار جرمانہ کیا اور رسید دی۔ بعدازاں عبدالرحمان کی دکان سے پانچ سو وصول کئے۔ ایک دکاندار نے جب کارڈ کا پوچھا تو اس نے دوڑ لگا دی جس پر تاجروں نے اسے پکڑ لیا اور مارنا شروع کر دیا۔