ایچ ایم سی کا بجٹ اجلاس، ایوان دنگل میں تبدیل، شدید ہنگامہ آرائی کے باوجود 5 ارب کا بجٹ منظور

01 اگست ، 2024

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کا بجٹ اجلاس اکھاڑے میں تبدیل،پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ممبران کی ایک دوسرے پر لاتوں،گھونسوں کے حملے، میئر حیدرآباد نے شدید ہنگامہ آرائی کے باوجود 5 ارب کا بجٹ منظور کرلیا، تفصیلات کے مطابق ایچ ایم سی کے مالی سال 2024-25ءکیلئے بجٹ اجلاس مہران آرٹس کونسل لطیف آباد نمبر 7میں میئر حیدرآباد کاشف علی شورو کی زیر صدارات منعقد ہوا، اجلاس 14 نکا تی ایجنڈے پر مشتمل تھا، اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی ممبر خاتون آرزو مغل میئر حیدرآباد کی طرف بڑھیں اور سامنے ٹیبل پر رکھے گلدستے و دیگر سامان کو پھینک دیا، اس دوران پیپلز پارٹی کی شبانہ خان میئر کے دفاع کے لئے آگے بڑھیں اور مذکورہ پی ٹی آئی ممبر خاتون کے ساتھ زبانی تلخ کلامی ہوئی ‘،بعدازاں دونوں خواتین ممبران نے ایک دوسرے پر گھونسوں کی بارش کردی جبکہ ہال میں بیٹھے سرکاری اور مخالف پارٹی کے مرد ممبران کے مابین بھی شدید تلخ کلامی ہوئی اور ایک دوسرے پر لاتوں اور گھونسوں کے حملے کیے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر حیدرآباد کاشف علی شورو نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام دوست جماعت اور عوام کی خدمت اسکا نصب العین ہے اور ہم اسی نصب العین کو مشعل راہ بناکر اس شہر کی بلا تفریق خدمت میں کوشاں ہیں ، شہر میں ہونے والے ترقیاتی کام ہمارے اس عزم کا عملی نمونہ ہیں، ہم اس کونسل کا آج دوسرا بجٹ پیش کررہے ہیں ،جس وقت میں نے یہ منصب سنبھالا تھا اس وقت بلدیہ اعلیٰ پر 70 کروڑ کی لائبلیٹیز تھیں ایسی صورت میں ہمارے پاس صرف دو آپشن تھے کہ یا تو ہم پچھلے بوجھ کو صاف کریں یا پھر ہم عوام کو ریلیف دیں اور اس شہر کو ترقی کی طرف گامزن کریں ۔