جماعت اسلامی کے دھرنے کا چھٹا دن، اسماعیل ہنیہ کے سوگ میں کراچی کا احتجاج موخر

01 اگست ، 2024

راولپنڈی،لاہور(مانیٹرنگ سیل، نمائندہ جنگ) راولپنڈی میںجماعت اسلامی کے دھرنے کا چھٹا دن، امیر جماعت نےاسماعیل ہنیہ کے سوگ میں کراچی کا احتجاج موخر کردیا، حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مطالبات سے دستبردار نہیں ہونگے، دھرنے میں اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، فلسطینی سفارت خانے کا وفد بھی شریک ہوا، دوسری جانب بدھ کو جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ہوا، مذاکرات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت کمیٹی کمیٹی کھیلنے کے بجائے عوام کو ریلیف دے،جبکہ امیر مقام کا کہنا تھا کہ ہم بھی چاہتے ہیں بجلی، پٹرول سستا ہو، تنخواہ داروں پر ٹیکس کم ہو۔تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پرگہرے غم ورنج کا اظہار کرتے ہوئے انکے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور اہل خانہ اور اہل فلسطین اور مجاہدین حماس سے اظہار تعزیت کیا ہے۔