زرعی اجناس پر ودہولڈنگ ٹیکس ،اناج منڈی کے تاجروں کی3روزہ شٹر ڈاؤن ہڑتال

01 اگست ، 2024

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)زرعی اجناس پر ودہولڈنگ ٹیکس نفاذکے خلاف اناج منڈی کے تاجروں نے 3روزہ شٹر ڈاؤن ہڑتال شروع کردی،3روز تک جاری ہڑتال میں سندھ کی دوسری بڑی اناج منڈی ٹاور مارکیٹ حیدرآبادکے تاجر حکومت کی جانب سے غیر قانونی ٹیکس کے خلاف سراپا احتجاج، دال ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اورپریس کانفرنس کرکے حکومت کے خلاف اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ،تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے زرعی اجناس پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کئے جانے کے خلاف حیدرآباد کی تاجر برادری نے 3روزتک شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا، بدھ سے سندھ کی دوسری بڑی اناج منڈی ٹاور مارکیٹ کے تاجروں نے دکانوں کے شٹر بند رکھے ، پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہر ہ کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، بعد ازاں حیدرآباد دال ملز ایسوسی ایشن کے صدر صلاح الدین قریشی ،پوجو مل اوردیا رام سمیت دیگر نے حیدرآباد پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے حالیہ دال سمیت مختلف ذرعی اجناس پر ود ہولڈنگ ٹیکس نافذ کر کے غریب عوام سے ان کی سستی خوراک بھی چھیننے کی کوشش کی ہے ، انہوں کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے بعد دالوں اور دیگر زرعی اجناس کی قیمتوں میں 50سے 80 روپے فی کلوتک اضافہ ہو جائے گا ،جبکہ ملک کے غریب عوام پہلے ہی بجلی، گیس ادویات اور دیگر اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمر توڑ اضافہ کے سبب پریشانی سے دوچار ہیں اور اگر کھانے پینے اور خوراک کی اشیاءپر مزید ٹیکس لگتے رہے تو غریب عوام دووقت کی روٹی سے بھی محروم ہوجائے گی۔