ڈارکی اسماعیل ہنیہ سے یادگار ملاقات‘ خوشگوار جملوں کا تبادلہ

01 اگست ، 2024

اسلام آباد (محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار) نائب وزیراعظم اوروزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے لیڈر اسماعیل ہنیہ کے ساتھ تہران میں مختصر ملاقات کو یادگار اورحد درجہ خوشگوار قرار دیا ہے‘ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ انہیں شہید فلسطینی رہنما کے پیار سے لبریز جذبات پوری زندگی یاد آتے رہیں گے اللہ رب العزت ان کی مغفرت فرمائے۔اسحاق ڈار منگل کی دوپہر ایران کے دارالحکومت پہنچے تھے اور اس پاکستانی وفد کی قیادت کررہے تھے جس نے ایران کے نو متخب صدر مسعودپزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ اس موقع پر استقبالیہ ضیافت میں دوسرے عالمی رہنمائوں کے علاوہ ان کی اسماعیل ہانیہ سے بھی مختصر ملاقات ہوئی‘ ترکیہ کے وزیرخارجہ بھی ان کے ساتھ تھے‘ تینوں رہنمائوں نے خصوصی قرب کی علامت کے طور پر ایک دوسرے کے سر کو باہم ملایا۔