مہنگی بجلی بحران‘ نیپرا نے آئی پی پیز ایشو پر ہاتھ کھڑے کر دیئے

01 اگست ، 2024

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) مہنگی بجلی بحران،نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے آئی پی پیز کے معاملے پر یہ کہہ کر ہاتھ کھڑے کر دیئے ہیں کہ پی ٹی آئی دور حکومت 2021ء میں آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی تجدید پاور ڈویژن نے کی تھی۔پاور ڈویژن نے 2021ء میں معاہدوں کی تجدید کیلئے مذاکرات کئے تھے‘ اب اسے ہی حل ڈھونڈنا ہوگا ، جس حکومتی ڈویژن نے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی توثیق کے بارے بات کی تھی اب اُسے ہی آئی پی پیز کے متعلق ملک گیر عوامی مشکلات اور ردعمل کا حل ڈھونڈنا ہو گا۔ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کے بارے میں پاور ڈویژن ہی بتائے کہ یہ قانونی معاہدے تھے یا غیر قانونی؟ ان معاہدوں کے نتیجے میں پاکستان میں بجلی کا ٹیرف خطے کے دیگر ممالک افغانستان‘ بھارت‘ بنگلہ دیش‘ ایران‘ نیپال کے مقابلے میں چار گنا زائد تک پہنچ رہا ہے۔ بھارتی مشرقی پنجاب میں کسانوں کو برسوں سے مفت بجلی دی جا رہی ہے جبکہ مشرقی پنجاب الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن نے گزشتہ جمعہ کے روز پاور ٹیرف میں 10سے 15پیسے فی یونٹ مختلف اقسام کے صارفین کیلئے بڑھایا ہے۔