ہنیہ اور فواد شکر کو ٹارگٹ کرکے اسرائیل نے خطے کو کیا پیغام دیا؟

01 اگست ، 2024

نیویارک (تجزیہ : عظیم ایم میاں)اسماعیل ہنیہ اور فواد شکر کو ٹارگٹ کرکے اسرائیل نے خطے کو کیا پیغام دیا؟،اسرائیل جنگ کو ایران تک پھیلانے اور امریکا کو شامل کرنے کی بھر پور کوشش کریگا، اقوام متحدہ اور دیگر ممالک کی تشویش اور مذمت کی اسرائیل نے کبھی پرواہ نہیں کی ، ہنیہ کو ٹارگٹ کرنے میں جو ٹیکنالوجی استعمال ہوئی وہ افغانستان میں بھی استعمال ہوچکی۔ حماس کے رہنما اسمعیل ہانیہ کو گائیڈ ڈ میزائل کے ذریعہ قتلُ کیا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ میزائل ایران سے با ہر کے ملک سے فائر کیا گیا۔ اسرائیل نے ایران میں مدعو مہمان حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کو تہران میں ان کے رہائش گاہ میں اور حزب اللہ کے لیڈر فواد شکر کو لبنان میں ٹارگٹ کرکے یہ واضح کردیا ہے کہ 9؍ ماہ تک غزہ میں بلا روک ٹوک اور عالمی قوانین و اخلاقیات کی پرواہ کئے بغیر مکمل تباہی و بربادی پھیلانے کے بعد اب وہ اس جنگ کو مشرق وسطی میں نیا رخ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایران نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کی تو اسرائیل اس جنگ کو ایران تک پھیلانے اور امریکا کو بھی جنگ میں ملوث کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔