TTP کی موجودگی پاکستان کیلئے مسلسل خطرے کا باعث ہے،سیکرٹری خارجہ

01 اگست ، 2024

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں )سیکرٹر ی خارجہ سائرس قاضی نے کہا ہے کہ افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی موجودگی پاکستان کیلئے مسلسل خطرے کا باعث ہے۔چیئرپرسن حنا ربانی کھرکی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کے اجلاس کے دوران سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے کمیٹی کو پاک افغان تعلقات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کئی دہشتگرد تنظیمیں بشمول داعش، ایسٹ ترکستان موؤمنٹ، کالعدم ٹی ٹی پی افغانستان سے کارروائی کررہی ہیں، داسو میں چینی شہریوں پرحملے کی منصوبہ بندی بھی افغانستان سے کی گئی، افغان طالبان کے آنے کے بعد پاکستان مخالف کارروائیوں میں اضافہ ہوا ۔انہوں نے بتایا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے حوالے سے پاکستان کو ثبوت فراہم کیے گئے ہیں، پاکستان اس حوالے سے اپنے خدشات مسلسل افغانستان کے ساتھ اجاگر کررہا ہے ، 22 جولائی 2024 تک 6 لاکھ 64 ہزار غیر قانونی افغان شہری افغانستان واپس چلے گئے ۔