ملتان، بھانجے کے قتل کے ملزم صنعتکا ر کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ، بااثر ملزم کو پولیس کا خصوصی پروٹوکول

01 اگست ، 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر) سول جج / جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان محمد زکریا نے بھانجے کے قتل کے مقدمہ میں گرفتار معروف صنعت کار کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، عدالت نے پولیس تھانہ گلگشت کو ہدایت کی ہے کہ وہ پانچ اگست کو ملزم کو لے کر دوبارہ عدالت میں پیش ہوں، دوسری جانب عدالت ہی میں پولیس بااثر ملزم کو پروٹوکول دینے میں جت گئی اور عدالت میں پیش ہونے والے ملزم کے لیے چائے پانی کا بھی بندوبست کیا گیا، گرمی سے بچانے کے لئے پرائیوٹ چیمبر کے اے سی روم میں بٹھایا گیا، تفتیشی افسر، جو ملزم کے خلاف قتل کے مقدمہ کی پیروی کررہا ہے، خود ملزم کی پروٹوکول ڈیوٹی پر لگ گیا، ملزم کو ہتھکڑی بھی نہیں لگائی گئی جب کہ ملزم کو سرکاری ڈالہ پر لانے کی بجائے پرائیویٹ کار میں پولیس اہلکار لے کر عدالت میں پیش ہوئے اور جسمانی ریمانڈ ملنے پر ملزم کو پرائیویٹ کار میں ہی واپس لے گئے، اس دوران پولیس اہل کاروں نے کوریج کرنے پر صحافیوں کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، پولیس اہلکار محمد سرور کا موقف تھا کہ سرکار نے ہمیں یہ اجازت دی ہوئی ہے کہ ملزم کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔