قائمہ کمیٹی ، الیکشن ایکٹ ترامیم نے قانون بننے کیلئے اہم مرحلہ طے کرلیا

01 اگست ، 2024

اسلام آباد (محمد صالح ظافر)قائمہ کمیٹی کی منظوری سے الیکشن ایکٹ ترامیم نے قانون بننے کیلئے اہم مرحلہ طے کرلیا،ترمیم کثرت رائے سے بلا ردوبدل منظورہوئیں،تحریک انصاف کے علی محمد کی وزیر قانون اعظم تارڑ سے جھڑپ ہوئی ’’آپ ترمیم کی کیوں حمایت کر رہے ہیں‘‘ علی محمد خان نے وزیر قانون سے احتجاج کیا، تحریک انصاف کے وفد کی اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات بھی بے نتیجہ ثابت ہوئی، ترامیم موثر بہ ماضی ہونے پر تحریک انصاف کے تحفظات ہیں، ترامیم اگست کے اوائل میں قانون بن جائیں گی، جس پر تحریک انصاف عدالت کا رخ کریگی۔ الیکشن ایکٹ مجریہ 2017میں غیرمعمولی نوعیت کی ترمیم نے بدھ کو منظوری کا اہم مرحلہ اس وقت طے کرلیا جب پارلیمانی امور کی قائمہ کمیٹی نے بھاری اکثریت سے اس مسودے کی منظوری دیدی۔ حزب اختلاف کے ارکان نے اس کیخلاف بہت شوروغوغا کیا اور کارروائی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی تاہم 18رکنی کمیٹی میں ترمیم کو آٹھ۔چار کی کثرت رائے سے کسی مزید ترمیم کے بغیر منظور کرلیا۔