امریکا، کھیل کی دنیا میں نیا انقلاب، کرکٹ نے اربوں ڈالرز کے درواکر دیئے

01 اگست ، 2024

کراچی(رفیق مانگٹ)امریکا میں کھیل کی دنیا میں نیا انقلاب،کرکٹ نے اربوں ڈالر کے دروازے کھول دیئے،ہندوستانی سرمایہ کاروں نے امریکا میں سو سال بعد کرکٹ کو زندہ کردیا،دنیا کی بڑی کمپنیوں کے سرکردہ ہندوستانیوں نے امریکا میں میجر لیگ کرکٹ قائم کی، جس میں 20 سرمایہ کاروں میں زیادہ تر ہندوستانی نژاد امریکی ہیں۔ان اربوں ڈالر کا براہ راست فائدہ ہندوستان کو ہونے جارہا ہے، جہاں کرکٹ پہلے ہی صنعت کا درجہ رکھتی ہے، ان کےلئے امریکی دروزاے کھلنے سے مزید تقویت ملے گی۔ ان میں امریکا میں کرکٹ کے براڈ کاسٹ کے حقوق بھی اربوں ڈالر میں فروخت ہوں گے،مضبوط ایڈورٹائزنگ کمپنیاںاس میں پیش پیش ہوں گی۔بھارتی کھلاڑی جن کاطرز زندگی پہلے ہی امیرانہ ہے ،اب ان پر ڈالر نچھاور ہوں گے، مستقبل میں امریکی کرکٹ سے نو وارد بھارتی کھلاڑیوں کی بھی چاندی ہوجائے گی، نئی جنریشن اس کو کیرئیر کے طور پر لے گی والدین اپنے بچوں کو اس کی کوچنگ دلائیں گے۔ حالیہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں امریکی کرکٹ ٹیم کے کیپٹن مونانک پاٹیل سمیت پانچ کھلاڑی ہندوستانی نژاد ہیں، دیگر میں ہرمیت سنگھ، نثارگ پاٹیل،ملیند کمار اور سورابھ نٹراوالکر شامل ہیں،پہلے سیزن میںآٹھ ہندوستانی نژاد کھلاڑیوں نے حصہ لیا جب کہ حالیہ دوسرے سیزن میں پانچ بھارتی نژاد کھلاڑی حصہ لے رہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے ضوابط کے تحت فرسٹ کلاس کرکٹر بھارت کے باہر دنیا کی کسی لیگ میں حصہ نہیں لے سکتا۔میجر لیگ کے پہلے سیزن 2023میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے حارث روف،شاداب خان،عماد وسیم سمیت دس کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ میجر لیگ کے اس وقت جاری دوسرے سیزن2024 میں پاکستانی نژاد بارہ کھلاڑی حصہ لے رہے جن تین پاکستانی کھلاڑیوں ابرار احمد، حارث رؤف اور زمان خان کو این او سی جاری کیا گیا۔لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز اور ٹیکساس سپر کنگز شاہ رخ خان کی شریک ملکیت کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ملکیت ہیں۔سیٹل آرکاس ستیہ نڈیلا کی شریک ملکیت ہیں۔ لاس اینجلس میں 2028 کے اولمپک گیمز اس کھیل کو امریکا میں سر اٹھانے کا ایک اور موقع فراہم کریں گے۔