شاہ رخ خان، عاجزی اور انکساری نے انہیں فلمی دنیا کا شہنشاہ بنادیا

01 اگست ، 2024

کراچی(رفیق مانگٹ) شاہ رخ خان بالی وڈ کے سپرا سٹارز میں سے ایک ہیں، جن کے دنیا بھر میں کروڑوں مداح ہیں، وہ فلم انڈسٹری میں سب سے زیادہ شائستہ ستاروں میں سے ایک ہیں۔ان کی کامیابی کا راز کیا ہے؟1988 میں، ٹیلی ویژن اتنے عام نہیں تھے جتنے آج ہیں۔ دوردرشن پر کبھی کبھار، ایک کمزور لڑکا ابھیمنیو رائے کا کردار ادا کرتا ہوا ایک شو میں نظر آتا، جس کا نام ’’فوجی‘‘ تھا۔ کوئی روایتی اچھی شکل نہیں ، نہ ہی شو بز دنیا میں اس قسم کی پشت پناہی یا علم تھا جو اس کے ہم عصروں کے پاس تھا۔ درحقیقت بظاہر اس میں کوئی خاص بات نہیں تھی۔ یہ شو ہٹ ہو گیا اور ساڑھے تین عشروں کے بعد یہ کمزور لڑکا دنیا کے بڑے سپر اسٹارز میں سے ایک ہے، بغیر کسی’’گاڈ فادر‘‘ کے۔شاہ رخ خان اب ٹرینڈ بن گیا ہے، ٹی وی سے عاجزانہ آغاز سے ابھرتے ہوئے آج وہ ایک برانڈ ہے ۔ وہ جس سے بھی ملتے ہیں عاجزانہ انداز میں اور جھک کر ملتے ہیں۔ ہدایت کار سبھاش گھئی، جنہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز میں شاہ رخ کے ساتھ کام کیا تھا، نے یہ بتایا کہ شاہ رخ خان بھلے ہی اپنے کیریئر کے آغاز میں ہی سپر اسٹار نہ رہے ہوں، لیکن ان کے بارے میں ہمیشہ کچھ نہ کچھ ایسا رہا ہے جس نے ناظرین کو مسحور کردیا۔ تین چیزیں جنہوں نے شاہ رخ کو اس مقام تک پہنچنے میں مدد کی۔ ایک اس کی محنت، دوسرا عوامی تعلقات کا گہرا احساس اور تیسرا اپنے خاندان اور بہت قریبی دوستوں کے ساتھ اس کا رشتہ۔سلطان آف دہلی کے اداکار طاہر راج بھسین کہتے ہیں شاہ رخ نے بہت سے لوگوں کو خواب دیکھنے کی ترغیب دی۔ صرف 13 سال کی عمر میں تھیٹر کلاس کے دوران ان کی اداکاری کی تعریف کی گئی۔ اداکار روہن کھرانہ کہتے ہیں ان کے پاس لوگوں کو متاثر کرنے اور ان کےجذبات کو اسکرین پرپیش کرنے کی بے مثال طاقت ہے۔ سبھاش گھئی کے الفاظ میں شاہ رخ احترام اور دلکش انداز میں لوگوں سے ملتے ہیں۔ ان کے پاس یہ خوبی بھی ہے کہ وہ سب کو مل کر اپنا بنا لیتےہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان عاجزی کے بادشاہ ہیں۔ وہ فلم انڈسٹری میں سب سے زیادہ شائستہ ستاروں میں سے ایک ہیں۔ جب ان کے بیٹے آریان خان کو منشیات کے مبینہ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اپنے بیٹے سے ملنے جیل گئے ،جیل سے باہر آتے ہی باہر بیٹھے لوگوں کا انہوں نے ہاتھ جوڑ کر استقبال کیا۔ شاہ رخ خان نے سابق کرکٹرز آکاش چوپڑا، سریش رائنا اور پارتھیو پٹیل سے اس وقت معافی مانگ لی جب وہ حادثاتی طور پر کیمرے کے سامنے آگئے جب وہ SRH کے خلاف KKR کی جیت کے بعد لائیو شو کی شوٹنگ کر رہے تھے۔