خیبرپختونخوا ، 14اضلاع میں تیز بارشوں اور سیلاب سے 19 جاں بحق،15زخمی

01 اگست ، 2024

پشاور(نامہ نگار)خیبرپختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سوات اور باجوڑ سمیت صوبے کے چودہ اضلاع میں تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر19 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے ،61 گھروں کو نقصان پہنچا، جاں بحق افراد میں 4 مرد ،4 خواتین ، 11 بچے ،زخمیوں میں 6 مرد 3 خواتین اور 6 بچے شامل،،پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بارشوں سے نقصانات کے حوالے سے جاری ہونےوالی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 4 مرد 4 خواتین اور 11 بچے جبکہ زخمیوں میں 6 مرد 3 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق تیر آندھی اور بارش کے باعث مجموعی طور پر 61 گھروں کو نقصان پہنچا۔جس میں 37 گھروں کو جزوی اور 24 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔ رپورٹ کے مطابق یہ نقصانات کوہاٹ ، باجوڑ، چترال اپر و لوئر، دیر اپر، کوہستان اپر و لوئر ، ایبٹ آباد، ہری پور، سوات، چارسدہ، صوابی، ساوتھ وزیرستان اور ہنگو میں رونما ہوئے۔رپورٹ کے مطابق ثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری، بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے چھوٹی بڑی مشنری کو بروئے کار لیایا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد مالی و امدادی معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق متعلقہ ادارے اور تمام ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں . پی ڈی ایم اے نے حالات معمول پر آنے تک سیاحوں کو سیاحتی مقامات کی جانب سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیاہے۔