جنوبی پنجاب کے300 طلباء کیلئے امریکی انگلش ایکسس اسکالرشپ پروگرام

01 اگست ، 2024

لاہور(آصف محمود بٹ ) امریکہ کے پاکستان میں ڈپٹی چیف آف مشن (ڈی سی ایم) اینڈریو شوفر اور قونصل جنرل لاہور کرسٹن ہاکنز نے ملتان میں پسماندہ کمیونٹیز کے 13 سے 20 سال کی عمر کے 300 نئے طلباء کا امریکی حکومت کے تعاون سے چلنے والے انگلش ایکسس اسکالرشپ پروگرام میں خیرمقدم کیا ہے، اینڈریو شوفر نے کہا انگلش تک رسائی اسکالر شپ پروگرام انگریزی زبان میں مہارت حاصل کرنے سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ قائدانہ صلاحیتوں کی تعلیم دے کر مستقبل کے لیڈروں کو تیار کرتا ہے جو کلاس روم سے آگے اور عملی زندگی تک پھیلا ہوا ہے ۔ 2004 کے بعد سے، 27,000سے زیادہ پاکستانی طلباء رسائی پروگرام سے گریجویشن کر چکے ہیں، جن میں پنجاب کے 6,000سے زیادہ شامل ہیں۔ امریکی مشن فیصل آباد، ملتان اور ڈی جی خان میں انگریزی پروگراموں کو سپانسر کر رہا ہے اور پاکستان بھر میں اپنی تعلیمی شراکتیں جاری رکھنے کا منتظر ہے۔