وفاقی کابینہ، پارلیمنٹیرینز کی ترقیاتی اسکیم، منظوری کیلئے 27 رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دیدی

01 اگست ، 2024

اسلام آ باد (رانا غلام قادر )وفاقی کابینہ نےپارلیمنٹیرینزکی تر قیاتی اسکیموں کی منظوری کے لیے27 رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔ وفاقی بجٹ میں ارکان قومی اسمبلی کے ترقیاتی منصو بوں کے لئے75 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں نائب وزیراعظم اوروزیر خارجہ اسحاق ڈار اسٹیئرنگ کمیٹی برائے ایس ڈی جیزکے چیئرمین مقرر کئے گئے ہیں ۔ قبل ا زیں اتحادی حکومت میں بطور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اسٹرینگ کمیٹی کےچیئرمین تھے ۔اس مرتبہ انہیں یہ چیئر مین شپ نہیں دی گئی۔ نئی تشکیل کردہ اسٹیئرنگ کمیٹی میں سات وفاقی وزرا ء ‘نو ممبران قومی اسمبلی اور گیارہ بیورو کریٹس کو شامل کیا گیا ہے۔ وفاقی وزراء میںوزیر خارجہ اسحق ڈار (چیئر مین) کے علاوہ وفاقی منصو بہ بندی و ترقیات احسن اقبال‘ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ ،وزیر تجارت جام کمال ‘وفاقی وزیر پاور اویس لغاری،وزیر نجکاری عبد العلیم خان ‘ وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز سالک حسین شامل ہیں۔ کمیٹی میں 9 ارکان قومی اسمبلی کو شامل کیا گیا ہے جن میں سردار محمد یوسف زمان ‘ ریاض الحق ‘ راجہ پرویز اشرف ‘ شازیہ مری ‘ محمد جا وید حنیف خان ‘ خالد حسین مگسی ‘ پلائن ‘ محمد اعجاز الحق اور ڈاکٹر طار ق فضل چوہدری شامل ہیں۔ سیکر ٹری کا بینہ ڈویژن کمیٹی کے سیکر ٹری ہونگے۔