پاکستان یونین ناروے کے زیر اہتمام تقریب کا اہتمام

01 اگست ، 2024

اوسلو(نمائندہ جنگ) پاکستان یونین ناروے کے زیر اہتمام تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کڈنی سینٹر گجرات کے صدر حاجی محمد اعجاز تھے۔ تقریب میں پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین قمر اقبال چوہدری، شیخ طارق محمود، چوہدری زاہد اسلم مہمندچک ،ملک پرویز ،ناصر میر اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر کڈنی سینٹر کے صدر حاجی محمد اعجاز نے کہا کہ میں پاکستان یونین ناروے کا شکر گزار ہوں جنہوں نے کڈنی سینٹر گجرات کے ساتھ تعاون کیا۔ انہوں نے کہا غریب لوگ علاج کی سہولت نہ ملنے کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اگر آپ کڈنی سینٹر گجرات کی مدد کریں گے تو ہم مزید مشینیں خرید سکیں گے ۔ قمر اقبال چوہدری نے مہمانوں اور میڈیا کے لوگوں کو خوش آمدیدکہتے ہوئے کہا کہ پاکستان یونین ناروے نے 2019 میں کڈنی سینٹر گجرات کیلئے فنڈ ریزنگ کی تھی اوراس وقت شیخ طارق محمود، چوہدری زاہد اسلم، چوہدری غلام مرحوم اور دیگر نے اس فنڈ ریزنگ کو کامیاب کرایا اور اب پانچ سال کے بعد حاجی اعجاز نے بتایا کہ غریبوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور ان کے علاج کیلئے ہمیں مزید مشینیں درکار ہیں جس کیلئے فنڈ کی ضرورت ہے میں ناروے میں بسنے والے اوورسیز پاکستانیوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اس نیک کام میں حصہ لیں۔