سابق انچارج ورلڈ بینک سائوتھ ایشیاسےمشتاق اعوان کی ملاقات

01 اگست ، 2024

لوٹن (نمائندہ جنگ) آزاد کشمیر کے سابق سیکرٹری تعلیم اورچیف انجینئر مشتاق اعوان نے ورلڈ بنک سائوتھ ایشیا ریجن کی سابق انچارج جولی ویلوریا سے ملاقات کی اور آزاد کشمیر کے زلزلے اورآسمانی آفات میں حکومت اور عوام کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔جولی ویلوریا بنیادی طور پر فلپائن سے ہیں اور ورلڈ بنک سائوتھ ایشیا ریجن کی انچارج تھیں ،سال 2000میں انہوں نے آزاد کشمیر کے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو وافر فنڈز ورلڈ بنک سے آزاد کشمیر کو فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ملاقات میں ان کے شوہر ڈیوڈ ولیم بھی موجود تھے جو آرکیٹکٹ ہیں اور سال 1960کے اوئل میں انجینئرز اور آرکیٹکٹ کی اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے اسلام آباد کی پلاننگ اور ڈیزائننگ کی تھی ،ملاقات میں مشتاق اعوان نے جولی ویلوریا سے کہا کہ آزاد کشمیر کیلئے آپ کی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے، آپ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات مرحوم کے دور حکومت میں ورلڈبنک کی سطح سے مختلف منصوبوں میں مددگار تھیں اور وزیراعظم سردار سکندر حیات خان کو فلپائن کا فلپائنی حکومت اور ورلڈ بنک کی طرف سے دورہ بھی کروایا تھا ان خدمات پر ہم آپ کے معترف ہیں اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔دونوں میاں بیوی نے مشتاق اعوان کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام بھی کیا۔