وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت مہنگائی پر پھر اجلاس، پنجاب میں ملاوٹی دودھ کے خاتمے کیلئے خصوصی مہم شروع کرنے کا حکم

01 اگست ، 2024

لاہور(نمائندہ جنگ)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف مہنگائی کے خاتمے کے لئے سرگرم ہیں۔ ایک ہی ہفتے میں دوسری بار اجلاس منعقد ہوا جس میں چکن دودھ کے نرخ میں مصنوعی اضافہ روکنے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے دودھ میں ملاوٹ کے خاتمے کے خصوصی مہم شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ اجلاس میں چکن،دودھ کی سپلائی چین میکنزم اور نرخ کے تعین سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی اورتفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نرخ کی مانیٹرنگ اور استحکام کے لئے مزید موثر نظام بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سپلائی چین کی کارکردگی میں بہتری کے لیے اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سپلائی چین کو بہتر بنا کر قیمتوں میں استحکام لایا جائے۔قیمتوں میں مصنوعی اضافہ قابل برداشت نہیں۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اور رنگ زیب،پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کی چیئرپرسن سلمیٰ بٹ، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،سیکرٹری زراعت افتخار سہو، سیکرٹری خوراک معظم سپرا، سیکرٹری لائیو سٹاک مسعود انور، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال اور دیگر حکام موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں روڈز بحالی پروگرام کی471 سڑکوں کے پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے روڈز کے تمام پراجیکٹس کو 15 ستمبر تک تعمیراتی کام شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اجلاس میں روڈز بحالی پروگرام 30 جون تک مکمل کرنے پربھی اتفاق کیا گیا ، 192 ارب کی لاگت سے دیہی روڈز پر 15ستمبر تک کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں کرتار پور کوریڈور کی تعمیر و بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 5سال کا کام ایک ہی سال میں کرکے لیڈ لیں گے۔ عوام کی سہولت کے لئے روڈز پروگرام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا ،وزیراعلیٰ پنجاب نے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن پر پولیس ٹیم کو مبارکباد دی اورشہید انسپکٹرمحمد رمضان کے لئے حرف عقیدت پیش کیا اورسوگوار خاندان سے اظہار ہمددری اورتعزیت کیا۔ وزیراعلیٰ نے شرگینگ کے چارڈاکوؤں کو جہنم واصل کرنے والی ٹیم کو سراہااورکہا کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت حکومت کا فرض ہے،ہر صورت نبھائیں گے ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے اداکار سردار کمال کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہا اداکاری کے شعبہ میں سردار کمال کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔