چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت مقررہ بینچ مارک سے 2.56روپے بڑھ گئی

01 اگست ، 2024

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) چینی کی قیمتوں میں ہونے والےاضافہ کے تناظر چینی کی برآمد معطل کرنے پر غور کیلئے کابینہ کمیٹی مانیٹرنگ شوگر ایکسپورٹ اورشوگر ایڈوائزری بورڈ کا مشترکہ اجلاس آج (جمعرات )طلب کر لیا گیا۔ذرائع کے مطا بق چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت میں مقررہ بینچ مارک سے2روپے56 پیسے بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے حکومتی کابینہ کمیٹی نےچینی کی برآمد معطل کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن سےچینی کی قیمتوں میں اضافے پر وضاحت طلب کئے جانے کا امکان ہے۔ کابینہ کمیٹی کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ چینی کی ریٹیل فی کلو قیمت ای سی سی کے مقررہ بینچ مارک سے بڑھ چکی ہے۔ ای سی سی نےچینی کی فی کلو ریٹیل پرائس کابینچ مارک145 روپے 15 پیسے مقرر کیا تھا جبکہ مارکیٹ میں چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت 147 روپے71 پیسے تک پہنچ چکی ہے۔ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ چینی کی قیمت بڑھنے پر برآمد فوری روک دی جائے گی۔وفاقی کا بینہ نے چینی کی قیمتوں کی مانٹرنگ کیلئے وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی سربراہی میں ایک کابینہ کمیٹی برائے مانٹرنگ شوگر ایکسپورٹ قائم کی تھی۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گذشتہ ماہ ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔