امریکی ویزہ کیلئے درخواستوں کی پروسیسنگ کا وقت نصف ہوگیا

01 اگست ، 2024

اسلام آباد( تنویر ہاشمی )امریکی ویزے کیلئےدرخواستوں کی پروسسنگ کا وقت گزشتہ برس کے مقابلے میں نصف ہو گیا ہے یہی وجہ ہےکہ کراچی اور اسلام آباد میں ماہانہ 10ہزار سے زائد درخواستیں پروسیس ہورہی ہیں ، اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے سینئر حکام نے ورچوئل میٹنگ میں منتخب صحافیوں کو پاکستان میں ویزہ آپریشن میں کئے گئے نئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 2023میں کراچی قونصلیٹ اور اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے ویزہ دفاتر سے اب تک کے سب سے زیادہ ویزے جاری کئے گئے ہیں، رواں مالی سال اکتوبر تک یہ تعداد گزشتہ برس سے بھی زیادہ ہو جائیگی کیونکہ پاکستانیوں کی جانب سے ویزہ کیلئے درخواستوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ، ویزہ درخواستوں کی پروسسنگ میں تاخیر کی بنیادی وجہ یہ ہےکہ ہر درخواست کو انفرادی طورپر جائزہ لیا جاتا ہے گزشتہ برس ستمبر میں ویزہ کی درخواستوں کی پروسسنگ میں بحرانی کیفیت پیدا ہو گئی تھی جب پروسسنگ ٹائم 440دن تک چلا گیا تھاجس کے بعد امریکی سفارتخانے نے ہنگامی اقدامات کئے جس کے بعد ویزہ پروسسنگ کا وقت کم ہو کر 237دن پر آگیا ہے اس میں مزید بہتری لائی جائیگی امریکی سفارتخانے کے حکا م نے بتایا کہ متعلقہ وزیر افسر کے قائل ہونے کی صورت میں ویزہ انٹرویو کے بعدپانچ روز میں ویزہ جاری کر دیا جاتا ہے ویزہ سیکشن طلبہ کو سٹڈی ویزہ کیلئے ترجیح دیتا ہے ویزہ کے ریگولیشن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے صرف پروسسنگ وقت کو کم کیاگیا ہے، ویزہ کی درخواستوں کے عمل میں تیزی لانے کیلئے زیادہ ویزہ افسران کو تعینات کیاگیا اور جمع شدہ ویزہ درخواستوں کو جلدی نمٹایاگیا ہے، انہوں نے بتایا کہ ستمبر 2023سے ایسے درخواست گزار جن کو پہلے امریکی ویزہ جاری ہو چکا ہے انکے نئے انٹرویو میں استثنیٰ دیاگیا ہے ۔