آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں سے سٹیل انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی

01 اگست ، 2024

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج سٹیل پروڈیوسرز نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں سے سٹیل انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے، کیونکہ بجلی پر انحصار کرنیوالی سٹیل کی صنعت ناقابل برداشت بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور غیر منصفانہ کیسپٹی چارجز کے نفاذ سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ پیداواری لاگت بڑھنے سے انڈسٹری کے لئے فعال اور زندہ رہنا ناممکن ہوگیا ہے، سٹیل پروڈیوسرز نے حکومت سے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے اور تمام معاہدوں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔ آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے معاہدے آنیوالے دنوں میں بالخصوص پاکستان کی انڈسٹری کے لئے تباہ کن ثابت ہوں گے۔ حکومت سٹیل اور دیگر انڈسٹری کو بجلی رعایتی قیمت پر فراہم کرے۔