جماعت اسلامی کے دھرنے کا چھٹا دن، اسماعیل ہنیہ کے سوگ میں کراچی کا احتجاج موخر

01 اگست ، 2024

اسلام آباد (نیوز رپورٹر، خبر نگار خصوصی) مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کا لیاقت باغ مری روڈ پر جاری احتجاجی دھرنا چھٹے روز بدھ کو بھی جاری رہا۔ راولپنڈی دھرنا کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پرگہرے غم و رنج کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور اہل خانہ اور اہل فلسطین اور مجاہدین حماس سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے شہادت کے المناک واقعہ کی وجہ سے گورنر ہاؤس سندھ کراچی کے سامنے آج کے دھرنا کو موخر کرنے اور لیاقت روڑ سمیت پورے ملک میں اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کا اعلان کیا۔ انہوں نے واقعہ کو اسرائیل کی کھلی دہشت گردی اور جارحیت قرار دیتے ہوئے صہیونی ریاست کے بزدلانہ عمل کی پرزور مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کا خون رنگ لائے گا، فلسطینی مزاحمت مزید تیز ہوگی۔ نائب امراء لیاقت بلوچ، ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور امیر راولپنڈی عارف شیرازی بھی اس موقع پر موجود تھے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے لیاقت روڈ پر گزشتہ روز اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی، ان کی اپیل پر کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے طول و عرض میں فلسطینی مجاہد کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی آزادی کی تحریک آگے بڑھے گی، اب فلسطین کی آزادی کو کوئی نہیں روک سکتا، اسماعیل ہنیہ تو اپنی مراد پا گئے، لیکن اس زمین کے سارے حق پرستوں کے لیے پیغام چھوڑ گئے ہیں کہ انھیں عزت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے ،امریکہ و اسرائیل اس تحریک کو نہیں روک سکیں گے ،یہ جنگ اسرائیل پوری طرح سے ہار چکا ہے ، انہوں نے اعلان کیا کہ دھرنا جاری رہے گا، حکومت سے آج پھر مذاکرات ہوں گے، مطالبات سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، تکنیکی معاملات میں نہ الجھایا جائے، حکمران مراعات کم کریں، حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ آج ہو جائے گا، احتجاج پورے ملک میں پھیلے گا۔ امیر جماعت نے کہا کہ وہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر عالمی طاقتوں اور بالخصوص امریکا کی پرزور مذمت کرتے ہیں جو صہیونی دہشت گردی کو ڈالروں اور اسلحہ کی صورت میں مکمل پشت پناہی کر رہی ہے۔ مسلم حکمرانوں کے پاس فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ حکومت پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ افسوس کہ وہ کردار ادا نہیں کیا جا رہا جو پاکستانیوں کے جذبات کی عکاسی کرے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قادیانیوں کو کھلے یا چھپے اپنے آپ کو مسلمان ظاہر کرکے عبادت و تبلیغ کا کوئی حق حاصل نہیں، چیف جسٹس سمیت کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ آئین سے ماورا کوئی تشریح کرے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ میں سقم ہے اسے دور کیا جانا چاہئے۔ جماعت اسلامی ماروائے عدالت کسی قتل کے فتوے اور اقدام کی کسی صورت حمایت نہیں کرتی۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات بامقصد اور بامعنی ہوں گے، کسی قسم کے تاخیری حربے برداشت نہیں کریں گے۔ مسلمان ملکوں کے فوجی سربراہان کا فوری اجلاس بلوایا جائے اور اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قرار دیا جائے۔