لنڈیکوتل ، پولیس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ، 2اہلکاروں سمیت 3جاں بحق دو زخمی

01 اگست ، 2024

لنڈی کوتل (نمائندہ جنگ) گشت پر متعین پولیس پارٹی پر حملہ ، دو پولیس اہلکاروں ایک راہگیر سمیت تین افراد جاں بحق دو زخمی ہوگئے ۔جاں بحق ہونے والوں میں اے ایس آئی عالمزیب، سپاہی شیر عالم اور راہگیر نائب خان شامل ہیں جبکہ اے ایس آئی قومندان اور راہگیر رحمت زخمی ہو گئے، لنڈی کوتل میں چاروازئی چوکی میں تعینات پولیس اہلکاروں پر سدو خیل پھاٹک کے پاس واقع پٹرول پمپ کے قریب گشت کے دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس سے اے ایس آئی عالمزیب سپاہی شیر عالم اور سول شخص نائب خان جاں بحق ہوگیا جبکہ اے ایس آئی قومندان اور پٹرول پمپ چوکیدار رحمت زخمی ہوگئے ہیں سرکاری ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات تقریبا" 12بجے مسلح افراد نے سدو خیل پھاٹک کے قریب خودکار ہتھیاروں سے حملہ کرکے پولیس اہلکاروں اور سویلین کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر عالمزیب خان آفریدی، اسسٹنٹ سب انسپکٹر قومندان آفریدی، کانسٹیبل شیر عالم ، راہگیر نائب شاہ اور رحمت خان شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو لنڈی کوتل منتقل کردیا گیا تاہم ہسپتال میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر عالمزیب آفریدی اور راہگیر نائب شاہ ولد حاجی غریب شاہ خان سکنہ سدو خیل کی موت واقع ہونے کی تصدیق کردی گئی جبکہ چوکی انچارج قومندان آفریدی، کانسٹیبل شیر عالم اور راہگیر رخمت خان کو طبی امداد فراہم کی گئی اس دوران ایس آئی قومندان آفریدی اور کانسٹیبل شیر علی کو حالت تشویشناک ہونے پر مزید علاج معالجہ کی غرض سے پشاور کے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پر سپاہی شیر عالم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ، واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے تاہم پولیس کو چوکنا کردیا گیا اور ملزمان کی تلاش کیلئے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کردی گئی ہے۔ جبکہ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ دہشتگرد حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے واقعہ پر پہنچ گئی، اس دوران دہشتگرد فرار ہوگئے جب کہ ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔۔