انڈس موٹر کمپنی کا میک ان پاکستان ٹیوٹا گاڑیاں برآمد کرنے کا اعلان

01 اگست ، 2024

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) ملکی برآمدات کے فروغ میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے انڈس موٹر کمپنی نے میک ان پاکستان ٹیوٹا گاڑیاں برآمد کرنے کا اعلان کردیا۔ کمپنی کی برآمدی لائن اپ میں ٹیوٹا فورچیونر، ہائی لکس اور کرولا کراس ماڈلز گاڑیوں کو اوشیانا ممالک کو برآمد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں اعلان کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں پاکستانی تیار کردہ گاڑیاں ’’ٹیوٹا‘‘ برآمد کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے انڈس موٹر کمپنی ’’میک ان پاکستان‘‘ ٹویوٹا گاڑیوں کی برآمد کا افتتاح کیا۔ وفاقی وزیر نے ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ کو گاڑیاں برآمد کرکے سنگ میل حاصل کرنے پر زبردست سراہا اور قومی ترقی میں ٹویوٹا کے کردار کا اعتراف کیا اور ٹویوٹا کو گاڑیاں برآمد کرکے سنگ میل حاصل کرنے پر انڈس موٹر کو مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر نے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اثرات کو کم کرنے اور ہائبرڈ گاڑیاں تیار کرکے ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کمپنی کے فعال انداز کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات موٹر انڈسٹری میں دوسروں کے لیے ایک مثال ہیں، وفاقی وزیر نے سی ای او انڈس موٹر اصغر علی جمالی کی قائدانہ خوبیوں کی تعریف کی اور کہا کہ کمپنی کو ان سنگ میلوں تک لے جانے میں ان کا کردار اہم رہا۔ اس موقع پر ٹویوٹا موٹر ایشیا کے ایگزیکٹو نائب صدر کازوناری ایگوچی نے کہا ہے کہ آئی ایم سی کے ساتھ شراکت داری وقت کے ساتھ مضبوط ہوئی اور انتہائی فائدہ مند رہی۔ یہ قدم پاکستان میں ہنر اور افرادی قوت کی تربیت میں بہتری کا ثبوت ہے۔