سنگاپور کی آرچڈ ڈپلومیسی، زرد رنگ کا آرچڈ پھول شہید بے نظیر بھٹو کے نام منسوب

01 اگست ، 2024

اسلام آباد( طاہر خلیل ) سنگاپور نے اپنی پھولوں کے ذریعے سفارتکاری کے منصوبے ( آرچڈ ڈپلومیسی) کے تحت شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے زرد رنگ کے آرچڈ پھول کو منسوب کیا ہے،معروف مصنف کوہ بک سنگ کی جانب سے لکھی گئی کتاب میں آرچڈ پھولوں کی مختلف مخلوط قسموں کو سنگاپور کا مختلف ادوار میں دورہ کرنے والے عالمی رہنماؤں کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، کتاب کی رونمائی سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالا کرشنن کی جانب سے کی گئی، کتاب میں آرچڈ پھولوں کے اختلاط کے عمل کا احاطہ کیا گیا ہے، اپنی نوعیت کی پہلی کتاب میں بے نظیر بھٹو کے نام سے آرچڈ پھول کی"ڈنڈروبیم" قسم کو محترمہ سے منسوب کیا گیا ہے،بے نظیر بھٹو نے مارچ 1995 میں وزیراعظم کی حیثیت سے سنگاپور کا دورہ کیا تھا۔ زرد رنگ کے پھول کو سورج کی کرنوں اور پاکستانی ثقافت کی گرم جوشی اور مسرت کے جذبات سے جوڑا گیا ہے۔