قائمہ کمیٹی کا موٹر وہائی ویز پر موبائل سگنلز مسائل پر اظہارتشویش، سپیکٹرم پلان طلب

01 اگست ، 2024

اسلام آباد (ساجد چوہدری ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی نےانفراسٹرکچر کے باوجو د موٹرویز اور ہائی ویز پرموبائل سگنلز کے مسائل پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے وزارت آئی ٹی سے 2024-29 تک کا سپیکٹرم پلان طلب کرلیا،وزارت آئی ٹی کو آئی ٹی برآمدات کا دیگر ممالک کا تقابلی جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کردی،قائمہ کمیٹی نے وزارت آئی ٹی کی تجویز پر سوشل میڈیا کی نگرانی کیلئے فائر وال کی تنصیب کے منصوبے اور لانگ ڈسٹینس انٹرنیشنل (ایل ڈی آئی) و ایف ایل ایل کمپنیوں کے لائسنسوں کی تجدیدپر کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں ان کیمرہ بریفنگ طلب کر لی ، بدھ کے روز چیئرپرسن کمیٹی سنیٹر پلوشہ خان کی زیرِ صدارت کمیٹی اجلاس ہوا جس میں کمیٹی ارکان نے موٹر ویز اینڈ ہائی ویز پر انٹرنیٹ سروس کے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا، کمیٹی نے یو ایس ایف کو کراچی حیدر آباد موٹر وے کا سروس سروے کرکے رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کردی ، کمیٹی اجلاس میں سوشل میڈیا پر فائر وال کی تنصیب اور ایل ڈی آئی کمپنیوں کا مسئلہ زیر بحث آیا تو وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے دونوں ایجنڈوں پر آئندہ اجلاس میں ان کیمرہ بریفنگ لینے کی استدعا کردی ، کمیٹی نے پالیسی ڈائریکٹو پر ان کیمرہ بریفنگ طلب کرلی ۔