چینی سفارتخانے کا بلوچستان کی طالبات کیلئے20 ہزار ہیلتھ کٹس کا عطیہ

01 اگست ، 2024

اسلام آ باد (آئی این پی ) پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح رہے گی، چین پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کے فروغ پر کام کر رہا ہے ،بلوچستان میں خواتین کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔پاکستان میں چین کے سفارتخانے نے بلوچستان کے سکولوں میں لڑکیوں کے لیے 20 ہزار ہیلتھ کٹس عطیہ کی ہیں جن کا موضوع "شی پاور" ہے۔ اس کا مقصد لڑکیوں کی صحت کے حالات کو بہتر بنانا، حفظان صحت کی مصنوعات کے استعمال کو فروغ دینا اور بلوچستان میں صحت سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا تھا۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز چینی سفارت انے میں اس منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کے شرکا میں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا، بلوچستان کی وزیر تعلیم راحیلہ درانی کے علاوہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی اساتذہ برادری اور چینی کمپنیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے تقریب سے اپنے خطاب میں چینی سفارتخانے کی جانب سے صدر شی جن پنگ کے وژن کے مطابق اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ اس موقع پر چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے دوطرفہ تعلقات بالخصوص انسانی فلاح و بہبود کے شعبے کو مزید فروغ دینے کے لئے چینی حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے سی پی سی کی 20 ویں قومی کانگریس کے سامنے پیش کردہ ورک رپورٹ کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ میں انسانی فلاح و بہبود اور لوگوں کی خوشیوں پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔ بلوچستان میں انسانی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد لوگوں کی حالت زندگی کو بہتر بنانا، انہیں بہتر صحت اور تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سی پی ای جے وی ڈی سی سے متعلق منصوبوں سے ملک کے تمام خطوں کو سماجی و اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین سے دوستی کے حوالے سے کوئی دو رائے نہیں۔