5اگست 2019 کو بھارت نے کشمیریوں کے حقوق کا استحصال کیا،خورشید شاہ

05 اگست ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پانچ اگست 2019کو بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور عالمی قوانین کو پاؤں تلے روندتے ہوئے کشمیریوں کے حقوق کا استحصال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل عالمی قوتوں کی شہ پر کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کا بدترین استحصال کر رہے ہیں مگر جلد یا بدیر انہیں اس ظلم کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دیوار برلن کی طرح بھارتی بربریت کی سرحدی لکیر بھی مٹ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ’’یومِ استحصال کشمیر‘‘ دنیا بھر میں منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ میں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کیلئے مزید بیداری کی ضرورت ہے۔ ہم بطور ریاست نہ صرف دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کر رہے ہیں بلکہ مضبوط، آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر دشمنوں کیلئے خوف کی علامت بھی ہیں۔ انہوں نے کہا ہم بطور ریاست اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔