ایف بی آر نے 11ارب روپے کے ٹیکس فراڈ کا سراغ لگا لیا

05 اگست ، 2024

اسلام آباد (این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریوینیو ( ایف بی آر) نے جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹیکس مشینری کے ساتھ رجسٹرڈ جعلی کمپنیوں پر مشتمل 11ارب روپے کا فراڈ پکڑ لیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق دو جعلی کمپنیوںکی نشاندہی کی گئی ہے جو مبینہ طور پر سیمنٹ پلانٹس کو ڈیوٹی فری کوئلے کی فروخت میں ملوث تھیں، دونوں کمپنیوں نے مقامی بینکوں میں اکاؤنٹس بھی کھول رکھے ہیں۔ایف بی آر کے مطابق سیمنٹ فیکٹریوں کو مقامی کوئلے کی ترسیل کرنے کے لیے جعلی سیل ٹیکس رسیدیں استعمال کرنے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ایف بی آر کے انٹرنل آڈٹ ڈائریکٹریٹ ان لینڈ ریوینیو کراچی کے مطابق انہوں نے ملزم کے خلاف کسٹم اور ٹیکسیشن کورٹ کراچی میں ایف آئی آر درج کرائی ہے، جمعرات کو ایک سینئر ٹیکس افسر نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کیس صرف بارش کا پہلا قطرہ ہے کیونکہ ہمارا خیال ہے کہ اس طرح کی مزید جعلی کمپنیاں سیمنٹ فیکٹریوں کو کوئلے کی سپلائی میں ملوث ہیں۔اس فراڈ کا سراغ حکومت کی ڈیجیٹلائزیشن پالیسی کے ایک حصے کے طور پر استعمال کردہ جدید ترین سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کے ذریعے لگایا گیا ہے۔