اوورسیز پاکستانیوں کا ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار، گورنر پنجاب

05 اگست ، 2024

لاہور(نمائندہ جنگ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و چیئرمین پاکستان سویٹ ہوم زمرد خان (ہلال امتیاز)کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے پنجاب ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ملک کی تعمیر و ترقی میں کرداربہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کا دل اپنے ہم وطنوں کی محبت سے سرشار ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم مخیر پاکستانی ملک میں قیمتی زر مبادلہ بھیجنے کے ساتھ فلاحی کاموں میں بھی حصہ ڈالتے ہیں جو قابل تعریف ہے۔ وفد میں اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن کے نومنتخب چیئرمین سید قمر رضا سمیت ناروے، ہالینڈ اور اٹلی سے تعلق رکھنے والے سمندر پار پاکستانی شامل تھے۔