دہشتگردی کیخلاف جنگ ، پولیس نے ہراول دستے کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں، وزیراعظم

05 اگست ، 2024

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس کے شہید افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ جرائم کی سرکوبی کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں لازوال ہیں ، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ، شہید افسران اور اہلکاروں کے خاندانوں کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے کوئی کوتاہی نہیں ہونے دینگے ،وفاقی حکومت شہداء کے بچوں کی تعلیم و صحت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی ، شہداء کے خاندانوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔ادھریوم شہدائے پولیس پر خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیس شہداء پوری قوم کا فخر ہیں،تمام پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھی پولیس افسران اور جوانوں نے اپنے قیمتی لہو سے تاریخ رقم کی ، شہید ایس ایس پی اشرف مارتھ، شہید کیپٹن مبین اور تمام پولیس شہداء ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ ہیں اور زندہ رہیں گے۔ پولیس شہداء کی لازوال قربانیاں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ ہم ہر لمحہ پولیس شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے، شہداء کی تکریم پہ کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔