گلگت بلتستان میں ہیٹ ویو گلیشئرزپگھلنے سے سیلابی صورتحال

05 اگست ، 2024

گلگت (این این آئی)گلگت بلتستان میں تقریباً ایک ہفتے سے جاری ہیٹ ویو کے بعد گلیشئرز کے تیزی سے پگھلنے کی وجہ سے پہاڑی علاقے سے گزرنے والی متعدد ندی نالوں میں طغیانی آرہی ہے، جس میں کئی سڑکیں اور سرکاری و نجی املاک بہہ گئیں۔اطلاعات کے مطابق گلگت بلتستان میں شدید گرمی کی تازہ لہر کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے مختلف علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پانی کی سطح بلند ہونے سے مختلف سڑکوں، لنک روڈز، پھسو گوجال میں شاہراہ قراقرم، ہوٹلوں اور سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔محکمہ موسمیات نے ممکنہ برفانی جھیلوں کے پھٹنے کے بارے میں خبردار کیا ہے، جس سے نشیبی بستیوں کے لیے خطرہ ہے۔